وجئے نگر، 12/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے وجئے نگر ضلع کے ہاسٹل میں 30 سے زائد طالبات چکن کھانے کے بعد بیمار پڑگئیں۔ یہ واقعہ ضلع کے ہوسپیٹ ٹاؤن کے میٹرک ایس ٹی گرلس ہاسٹل میں پیش آیا۔ ہاسٹل کے اندر رات کے کھانے میں چکن گوست دیا گیا تھا۔ اس کے بعد آدھی رات کو پیٹ میں درد، قئے کی علامات پیدا ہوگئیں۔طلباء کو ہوسپیٹ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 28 طالبات کو آدھی رات کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ مزید 4 طالبات بیما ر پڑگئیں اور انہیں داخل کرانے کے بعد مریضوں کی تعداد32ہوگئی۔32 میں سے چھ طالبات صحت مند ہوگئیں تاہم مابقی طالبات زیرعلاج ہیں۔ ایس ٹی ہاسٹل میں 148 طالبات زیرتعلیم ہیں۔ ان میں سے 131 طالبات نے بدھ کی کی رات نان ویج جبکہ 17طالبات نے ویج غذاکھائی۔چکن کھانے کے بعد رات میں وہ سونے چلے گئیں۔رات تقریباً 2 بجے طالبات نے پیٹ میں درد کی شکایت کی۔ بعد ازاں ان میں دیگر علامات بھی پیدا ہوگئیں۔ حکام نے طالبات کے بیمار پڑنے کی حقیقی وجہ معلوم کرنے ان کے خون کے نمونے حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ حکام نے چکن کے نمونوں کو بھی چانچ کے لیے بھیج دیا گیا۔
وجئے نگر ضلع کمشنر دیواکاس نے اسپتال میں طالبات سے ملاقات کی اور کہا کہ رپورٹ وصول ہوتے ہی خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام کو شبہ ہے کہ رات کے چکن کھانے کے بعد طالبات بیمار ہوگئیں۔مزید تحقیقات جاری ہے۔